اپوزیشن جماعتوں نے بیانیہ بدل کر سفینہ ڈبودیا، فضل الرحمان
جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں نے بیانیہ تبدیل کرکے اپنا سفینہ خود ڈبو دیا، حکومت نے عوام کو قبر تک پہنچادیا بس تدفین ہونا باقی ہے، جلد پنجاب سے نئی تحریک کا آغاز کریں گے۔
ڈیفنس لاہور میں تنظیمات مدارس کے ذمہ داران کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کی اصلاحات کی باتیں مدارس کے متعلق منفی رحجان پیدا کرتی ہیں، دینی مدارس کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت قانون پر اپوزیشن تقسیم ہوئی، ہم چاہتے تھے کہ قانونی سقم کو مد نظر رکھیں لیکن اب وہ تنہا اپوزیشن ہیں اور اپنے بیانیے پر قائم ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے جان چھڑوانا قومی فریضہ بن چکا ہے ملک میں اس وقت آمریت قائم ہے جسے بے نقاب کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دس لاکھ لوگوں نے لانگ مارچ میں شریک ہوکر حکومت کی نااہلی کا فیصلہ سنایا، جماعت سے مشاورت کے بعد اپنی نئی تحریک کا آغاز پنجاب سے کریں گے۔
Comments are closed on this story.