Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

اداکارہ مہوش حیات کا عامر لیاقت حسین کو کرارا جواب

شائع 06 جنوری 2020 03:37pm

پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رہنما و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر کرارا جواب دے دیا۔

گزشتہ دنوں امریکا کی جانب سے کئے گئے فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کے واقعے پر اداکارہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے مذمت کی اور لکھا کہ 'مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ نئے سال کے صرف 72 گھنٹے گُزرے ہیں اور دُنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے'۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا تھا کہ 'ایسا اُس وقت ہی ہوتا ہے جب آزاد ممالک کے رہنما بین الاقوامی قوانین کو خاطر میں لائے بغیر یکطرفہ فیصلے کرتے ہیں، یہ صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں ہے، خدا ہماری حفاظت کرے'۔

مہوش حیات کے اس ٹویٹ کے بعد عامر لیاقت حسین نے تمغہ امتیاز یافتہ اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں'۔

حکمراں جماعت کے رہنما و معروف ٹی وی میزبان نے مزید لکھا کہ 'اُنہیں پاکستان کی پالیسی کے ساتھ چلنا چاہیئے اور ویسے بھی قاسم سلیمانی اگر حیات ہوتے تو کیا ایران میں انہیں پرفارم کرنے بلاتے'؟

عامر لیاقت حسین کی اس تنقید کا کرار جواب دیتے ہوئے مہوش نے لکھا کہ 'یہ "آئٹم گرل" اپنی رائے دینے کا جمہوری حق استعمال کررہی ہے جبکہ آپ اِسے اپنا ذاتی مذاق بناتے ہیں اور اِس سے زیادہ کچھ نہیں، مرد بنیں'۔

انہوں نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ 'ویسے اُس واقعے کا کیا ہوا جس میں آپ میرے خلاف "لوڈ ویڈنگ" کا مقدمہ درج کر رہے تھے؟ میں بے چینی سے انتظار کر رہی ہوں'۔