Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹرمپ  ایرانی ثقافتی ورثے پر حملے کے بیان پر ڈٹ گئے

شائع 06 جنوری 2020 02:41pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے ایک بار پھر ایرانی ثقافتی ورثے کو نشانہ بنانے کا کہا ہے، تاہم کچھ اہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ثقافتی مقامات کو نشانہ بنانے کے معاملے پر امریکی انتظامیہ میں شدید اختلافات موجود ہیں۔

امریکی صدر، ایرانی ثقافتی ورثے کو  نشانہ بنانے کے بیان پر ڈٹے ہوئے ہیںاور  اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو امریکیوں کو مارنے کی اجازت ہے لیکن امریکا کو ان کے ثقافتی مقامات کو چھونے کی اجازت نہیں تو اب ایسا نہیں ہوگا، اور حملے کے جواب میں ایرانی ثقافتی  ورثے پر بھرپور حملہ کیا جائے گا۔

 امریکا کے بعض سینئر حکام نے ٹرمپ کے اعلان پر کہا کہ امریکی انتظامیہ میں ثقافتی مقامات پر حملے پر شدید مزاحمت پائی جاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایسے کسی اقدام کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔

 ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے جوابی حملہ  صرف امریکی فوجی مفادات پر ہوگا۔

 امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ عراق میں ایرانی حملہ بڑی غلطی ہوگی۔

 ادھر تہران میں سوئس ناظم الامور کو طلب کیا گیا اور ان سے امریکی صدر کے بیان پر احتجاج کیا گیا۔

 واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کا سفارتخانہ تہران میں امریکی مفادات کے تحفظ  اور تہران اور واشنگٹن میں رابطے کا ذریعہ ہے۔