Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی ترمیم ایکٹ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں نظرثانی کیلئے بھیجا جائیگا، بلاول

شائع 04 جنوری 2020 02:56pm

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف  پارلیمانی قواعد و ضوابط کو نظر انداز کر کے آرمی ترمیم ایکٹ کی غیرمشروط حمایت کر کے ایوانوں سے منظوری کا فیصلہ کر چکی تھیں۔ اب اس بل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی نظرثانی کے لئے بھیجا جائیگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ مثبت پیغام ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ غیرفعال رکھی جانے والی پارلیمان قانون سازی کے لئے تیار ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب میں اسلام آباد پہنچا تو مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی آرمی ایکٹ کی غیرمشروط حمایت بلکہ یہ بھی فیصلہ کر چکی تھیں کہ بل کو نہ تو تمام اراکین اسمبلی کو دیا جائے گا اور نہ ہی اسے کمیٹی کو دیکھنے کیلئے بھیجا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ تمام پارٹیاں بل کو واپس قومی اسمبلی کی کمیٹی میں بھیجنے پر متفق ہوئیں۔  دونوں ایوانوں کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کے ساتھ یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی نظرثانی کے لئے جائیگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  پارلیمان سے اختیارات لینے والے تمام ادارے پارلیمانی بالادستی کو قبول کرکے ہم سے قانون سازی کا کہہ رہے ہیں۔ یہ ان کے لئے اہم کامیابیاں ہیں کہ جو پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کے لئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ہیں۔