Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

میرا وژن پاکستان کے کمزور طبقے کو اوپر لانا ہے، وزیراعظم

شائع 03 جنوری 2020 12:08pm

فیصل آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی مستقبل کے سفر کیلئے اہم قدم ہے، میرا وژن پاکستان کے کمزور طبقے کو اوپر لانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ریاست میں رحم ہونا چاہیئے، رسول اللہ ﷺ نے کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کیا، جانوروں کے معاشرے میں رحم نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں انگریزی میں تقریر ہو تو افسوس ہوتا ہے، کبھی برطانیہ میں فرینچ زبان میں تقریر ہوتے دیکھا ہے؟ غریبوں کوانگریزی سمجھ نہیں آتی، انگریزی بول کر ہم عوام کی توہین کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں بھی بہت سے لوگوں کو انگریزی نہیں آتی، ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے صنعت کو فروغ دینا ہوگا، صنعتوں کے ذریعے روزگار میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں تیزی سے انڈسٹریلازیشن ہورہی تھی، جاگیردار اور سرمایہ کاروں کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا، سرمایہ کاروں کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انڈسٹری اور برآمدات کو فروغ دینا ہوگا، ہمیں اپنی زمین کی پیداواری قوت کو بڑھانا ہے، ملک میں سیاحت کو فروغ دینا ہے، تعلیم اور ہنر کے ذریعے نوجوانوں کو باصلاحیت بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کا پاکستان سے بہت گہرا تعلق ہے، پوری دنیا چین کی ترقی سے خوفزدہ ہے، سی پیک سے فائدہ اٹھانےکا سنہری موقع ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین پاکستان میں ٹیکنالوجی منتقل کرنے کا خواہاں ہے، چین نے30 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نیب قوانین کی وجہ سے بیوروکریسی خوفزدہ تھی، سرکاری ملازمین کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے آرڈیننس لائے۔