Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ویلکم ٹو دی پارٹی: جنرل آصف غفور کا بھارت کے نئے آرمی چیف کو پیغام

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2020 06:32am
فائل فوٹو

راولپنڈی: بھارت کے نئے آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے اپنا پہلا مگر دوٹوک پیغام دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے کئے گئے ٹویٹ میں میجر جنرل نے کہا "ویلکم ٹو دی پارٹی، ہم آپ سے بہتر امید کرتے ہیں کہ 27 فروری 2019 کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتری آچکی ہوگی۔ 2020 پاکستان کا سال ہے، اختتام کے آغاز کا سفر جاری رہے گا اور ہر جگہ نظر آئے گا۔"

انہوں نے "کشمیر اِز پاکستان" اور "پاکستان زندہ باد" کے ہیش ٹیگز بھی استعمال کئے۔

واضح رہے کہ بھارت کے نئے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل منوج مکند نروا نے اپناعہدہ سنبھال لیا ہے۔ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل بپن راوت بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بن گئے۔

بھارتی حکومت نے حالات کا بہانہ بنا کر آرمی چیف کی توسیع کا معاملہ نمٹا دیا تھا، بھارتی حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کر دی تھی۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بعد جنرل بپن راوت کی چیف آف ڈیفنس اسٹاف بننے کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔

بذریعہ ایگزیکٹو آرڈر ہونے والی ترمیم کے بعد مدت ملازمت کیلئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد بھی 65 برس کر دی گئی۔ بھارتی وزارت دفاع نے بذریعہ ایگزیکٹو آرڈر آرمی ایکٹ 11950  میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ترمیم کے بعد چیف آف ڈیفنس تقرری کیلئے بھارتی فوج کے کسی بھی جنرل رینک کے آفیسر کی مدت ملازمت میں توسیع دی جا سکے گی۔

اپنے پہلے بیان میں نئے بھارتی آرمی چیف نے گیدڑبھبکیوں کی بھارتی روایت کو قائم رکھتے ہوئے پاکستان کو دھمکی دی کہ بھارت سرحد پار دہشت گردی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے پیشگی سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے بھی انہیں دوٹوک پیغام دے دیا ہے۔