Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ویزا فری انٹری: ملائیشیاء نے تمام بھارتیوں کیلئے اپنے دروازے کھول دئیے

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2020 07:13am

کوالالمپور: ملائیشیاء نے بھارتی شہریوں پر ملک کے دروازے کھول دیئے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشیاء نے 2020ء کا پورا سال تمام بھارتی شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد کوئی بھی بھارتی شہری بغیر ویزے کے ملائیشیاء جا سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے ساتھ ساتھ چینی شہریوں کو بھی ملائیشیاء نے یہ سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

ملائیشین حکومت کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 2020ء میں چینی اور بھارتی شہری بغیر ویزے کے ملائیشیاء آسکتے ہیں اور وہاں 15 دن تک بغیر ویزے کے ہی قیام کر سکتے ہیں۔ وہ الیکٹرانک ٹریول رجسٹریشن اینڈ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ملائیشیاء آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق کوئی شخص انفرادی حیثیت میں بھی اس سسٹم کے ذریعے ملائیشیاء جا سکتا ہے اور ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے بھی۔ تاہم چینی اور بھارتی شہری بغیر ویزے کے کچھ مخصوص ایئرپورٹس یا انٹری پوائنٹس کے ذریعے ملائیشیاءمیں داخل ہوسکیں گے اور واپس جا سکیں گے۔

ان لوگوں کے پاس مذکورہ سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن کا ثبوت، 15 دن قیام کے خرچ کے لیے مناسب رقم اور ریٹرن ٹکٹ ہونا لازمی ہوگا۔