Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

نسیم شاہ کا نام قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے واپس لے لیا گیا

شائع 31 دسمبر 2019 05:37pm

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی انڈر 19 اسکواڈ سے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا نام واپس لے لیا ہے۔ ایونٹ 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقہ میں جاری رہے گا۔

سلیم جعفر کی سربراہی میں کام کرنے والی قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر محمد وسیم جونیئر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ محمد وسیم جونیئر کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔

اس سے قبل محمد وسیم جونیئر اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نے دونوں ایونٹس میں 3،3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ دورہ سری لنکا پر محمد وسیم جونیئر نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

محمد وسیم ایک روزہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کا ایک میچ کھیل چکے ہیں، جس میں انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین روزہ ٹورنامنٹ کے تین میچوں میں شرکت کرنے والے فاسٹ باؤلر نے ایونٹ میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی: چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہےکہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور بین الاقوامی کرکٹ میں جگہ بنانے کا ایک شاندار موقع ہے۔ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اس کی بہترین مثال ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مثبت حکمت عملی کو اپناتے ہوئے نسیم شاہ کا نام ایونٹ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ سے واپس لے کر ایک نئے کھلاڑی کو صلاحیتیں دیکھانے کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں پرمشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا لہٰذا اس تبدیلی سے ایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی متاثر نہیں ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اب قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیرنگرانی اپنی باؤلنگ میں مزید بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نسیم شاہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2004 بنگلہ دیش اور 2006 سری لنکا میں منعقدآئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے۔ پاکستان ایونٹ کے 3 ایڈیشنز میں رنرزاپ بھی رہ چکا ہے۔

24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔آئندہ سال17 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ9 فروری کو ہوگا۔

ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 19جنوری کوسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلاجائے گا۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں ا پنا دوسرا میچ22 جنوری کو زمباوے کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلے گی۔

گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 24 جنوری کو پوچیف اسٹروم میں مدمقابل آئیں گی۔

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم سے نو جنوری 2020 تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری رہے گا۔ قومی انڈر 19 اسکواڈ 10 جنوری کوجنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہوگا۔لاہورمیں آئندہ چند روز کے لیے میڈیا کوریج کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

یکم جنوری بروزبدھ:

• دوپہراڑھائی بجے: ہیڈ کوچ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اعجاز احمد نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے

3جنوری بروزجمعہ:

• دوپہراڑھائی بجے: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین حیدر علی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے

6جنوری بروزپیر:

• دوپہراڑھائی بجے: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےاسپنرآرش علی خان نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے

7جنوری بروزمنگل:

• دوپہراڑھائی بجے: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےآلراؤنڈرمحمد عباس آفریدی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے

8جنوری بروزبدھ:

• دوپہراڑھائی بجے: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےبیٹسمین محمد عرفان خان نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے

9جنوری بروزجمعرات:

• دوپہراڑھائی بجے: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےکپتان ر وحیل نذیر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے

10جنوری بروز جمعہ:

• قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ روانگی۔