Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

بگ بیش لیگ: امپائر نے افغان اسپنر راشد خان کے ساتھ ہاتھ کردیا

شائع 30 دسمبر 2019 07:06pm

سڈنی: آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے دوران امپائر گریگ ڈیوڈسن نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون گیند باز راشد خان کے ساتھ ہاتھ کردیا۔

راشد خان ان دنوں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کھیل رہے ہیں تاہم یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب افغان اسپنر نے حریف بلے باز کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی۔

راشد نے بلے باز کے پیڈ پر گیند لگتے ہی زوردار اپیل کی جس پر امپائر نے آؤٹ دینے کیلئے اپنی انگلی اٹھانا شروع کی تاہم پھر ارادہ بدل لیا اور انگلی کو ناک پر رگڑنا شروع کردیا۔

امپائر نے جیسے ہی انگلی اٹھانا شروع کی تو راشد خان پرجوش انداز میں آس پاس موجود کھلاڑیوں سے تالیاں مارنے لگے تاہم امپائر گریگ ڈیوڈسن نے انہیں آگاہ کیا کہ بلے باز کو آؤٹ نہیں دیا گیا جس پر افغان اسپنر کی خوشی ماند پڑگئی۔

امپائر کا یہ انداز نہ صرف گراؤنڈ میں موجود شائقین بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی بھاگیا اور اس واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز پر خوب بحث و مباحثہ جاری ہے۔ ذیل میں ویڈیو ملاحظہ کریں۔