Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

قائداعظم ٹرافی فائنل کا دوسرا روز: سینٹرل پنجاب کی پوزیشن مستحکم

شائع 28 دسمبر 2019 12:51pm

کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 212 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 466 رنز بنالیے ہیں۔ عمر اکمل 123 اور ظفر گوہر 9 کے انفرادی اسکور سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

عمر اکمل کی یہ ایونٹ میں دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی جانب سے اظہر علی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ایونٹ کی تیسری سنچری اسکور کی۔ وہ 119 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

میچ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب نے ایک وکٹ کے نقصان پر 87 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سلمان بٹ 48 اور اظہر علی 17 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت اس وقت ٹوٹی جب سلمان بٹ 74 کے انفرادی اسکور پر موسیٰ خان کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان بابراعظم، سنٹرل پنجاب کی جانب سے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔ انہوں نے سینئر بیٹسمین اظہر علی کے ہمراہ مثبت کھیل پیش کیا۔ اس موقع پر اظہر علی نے شاندار سنچری اور بابراعظم نے نصف سنچری اسکور کی۔

اظہر علی نے 212 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 119 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابراعظم 89 گیندوں پر 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے ٹیم کے مجموعے میں 125 رنز کا اضافہ کیا۔

ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد سنٹرل پنجاب کی جانب سے ڈرائیونگ سیٹ عمر اکمل نے سنبھال لی۔ انہوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے میدان کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروکس لگا کر اسکور بورڈ کو تیزی سے چلانا شروع کردیا۔ عمر اکمل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔

عمر اکمل 12 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 123 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انہوں نے اظہر علی اور کامران کمل کے ہمراہ بالترتیب 93 اور 98 رنز کی شراکت قائم کی۔ کامران اکمل 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر کریز پر موجود دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین ظفر گوہر ہیں۔ انہوں نے 9 رنز بنالیے ہیں۔

ناردرن کی جانب سے کپتان نعمان علی 2 جبکہ حماد اعظم، موسیٰ خان اور صدف حسین ایک ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔

اس سے قبل ناردرن کی ٹیم میچ کے پہلے روز پہلی اننگز میں 254 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImageImage