Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

'وفاقی حکومت نے گیس پائپ لائن کے کسی پراجیکٹ کیلئے رابطہ نہیں کیا'

شائع 28 دسمبر 2019 09:04am
فائل فوٹو

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے عمر ایوب کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے گیس پائپ لائن کے کسی پراجیکٹ کیلئے سندھ حکومت سے رابطہ نہیں کیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی دوسروں پر ڈال کر جان نہیں چھڑا سکتی، حکومت عوام پر مہنگائی کا بوجھ لادے جارہی ہے، ایک بار پھر بجلی مہنگی کردی گئی۔

سعید غنی نے نیب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان نیب کے دائرے سے باہر ہیں، نیب کا قانون صرف پیپلز پارٹی اور ن لیگ کیلئے ہے، نیب کا مقصد احتساب کے نام پر انتقام لینا ہے۔ نیب آرڈیننس عمران خان اور ساتھیوں کیلئے لایا گیا۔

وزیراطلاعات سندھ نے کامیاب جلسے کے انعقاد پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا، سی این جی کی بندش پر وزیراطلاعات سندھ نے کہاکہ آئین کے مطابق گیس پیدا کرنے والے صوبے کا پہلا حق ہوتا ہے، 70 فیصد ملکی پیداوار کے باوجود صوبہ قلت کا شکارہے، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کو نکالے جانے کی مذمت کرتے ہوئے بولے کہ تحریک انصاف کے ایک اجلاس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی کڑی تنقید پر رو پڑی تھیں جس کے بعد پی ٹی آئی اراکین کو سہولت دینے کیلئے یہ اقدام اٹھایا گیا۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہاکہ مشکلات اوررکاوٹوں کے باوجود سندھ حکومت بہترکارکردگی ادا کررہی ہے۔