Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

لیجنڈ اداکار وکیل فاروقی انتقال کر گئے

اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2019 10:17am

پاکستانی ٹیلی ویژن کے لیجنڈ اداکار وکیل فاروقی 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق وکیل فاروقی 25 دسمبر کو آرٹس کونسل سے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا، مگر ان کی طبیعت نہ سنبھلی اور وہ انتقال کر گئے۔

وکیل فاروقی کو پی ٹی وی کے ڈرامے ٹیپو سلطان سے شہرت حاصل ہوئی، ان دنوں وہ اپنی ایک ٹیلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، تاہم وہ اسے مکمل نہ کرسکے۔

پاکستان ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے اداکار وکیل فاروقی نے اپنی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان کراچی کے ڈراموں سے 1967ء میں کیا تھا۔

مرحوم کے مشہور ڈراموں میں عید ٹرین، آخری چٹان، محمد بن قاسم، برزخ، عروسہ، صبح سویرے، ہیلو ہیلو، آبلہ پاء، تعلیمِ بالغاں، سحر ہونے تک، شمع، باادب باملاحضہ ہوشیار، ہفت آسماں اور خود غرض جیسی 50 سے زائد ڈرامہ سیریل شامل ہیں۔

وکیل فاروقی نے 2 درجن سے زائد اسٹیج ڈراموں میں بطور رائٹر و ڈائریکٹر اپنی خدمات بھی سر انجام دیں۔

انہوں نے بطور مصنف و ہدایتکار کلاسک ٹیلی فلم ’مرزا غالب ان گل رنگ‘ بنائی جبکہ ان کی زیرِ تکمیل ٹیلی فلم ’محبت زندہ رہے گی‘ تھی۔

وکیل فارقی کی عمر 73 سال تھی، انہوں نے شادی نہیں کی تھی، جبکہ ورثاء میں اپنے 2 بھائی اور ایک بہن کو سوگوار چھوڑا ہے۔

2019ء میں وکیل فاروقی کے علاوہ اداکارہ روحی بانو، عابد علی، ذہین طاہرہ، نیاز احمد اور ڈاکٹر انور سجاد بھی ہم سے بچھڑے ہیں۔