Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملکہ برطانیہ نے اپنے پوتے اور ان کی بیگم کو شاہی خاندان کے شجرے سے نکال دیا

اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2019 05:40am

لندن: برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے ہر سال کی طرح کرسمس کے موقع پر اپنا خطاب ریکارڈ کرایا۔ مقامی میڈیا نے منگل کے روز ریکارڈ ہونے والے اس خطاب کے سلسلے میں برطانوی ملکہ کی ایک تصویر نشر کی۔

العریبیہ کے مطابق تصویر میں ملکہ الزبتھ ایک میز کے پیچھے بیٹھی نظر آرہی ہیں جبکہ میز پر شاہی خاندان کے افراد کی چار فریم شدہ تصاویر رکھی ہوئی ہیں۔

ان تصاویر میں ملکہ کے شوہر، ان کے بیٹوں، بہوؤں اور پوتوں کے علاوہ ملکہ کے والد کی ایک تصویر بھی شامل ہے۔ یہ تصویر بادشاہ کے سرطان میں مبتلا ہو کر 1952 میں اس دنیا سے رخصت ہونے سے قبل کی ہے۔

البتہ ملکہ الزبتھ کی تصویر کو غور سے دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ میز پر ملکہ کے پوتے ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مرکل (سابقہ امریکی اداکارہ) کی تصویر موجود نہیں جب کہ گذشتہ برس ان دونوں کی تصاویر ملکہ کی میز پر موجود تھی۔

اسی طرح ان دونوں کے بیٹےArchie  کی بھی تصویر موجود نہیں جس کی پیدائش رواں سال مئی کے آغاز میں ہوئی تھی۔

یہ چیز اس بات کا واضح مظہر ہے کہ 93 سالہ برطانوی ملکہ اپنے چھوٹے پوتے سے اس حد تک ناراض ہیں کہ انہوں نے ہیری اور ان کی اہلیہ کو شاہی خاندان کے شجرے سے کاٹ دیا۔

ادھر شہزادہ ہیری بھی غصے میں نظر آتے ہیں اور اسی وجہ سے رواں سال انہوں نے کرسمس کے موقع پر اپنی شاہی ذمے داریوں سے دوری اختیار کر لی۔

ہیری نے فیصلہ کیا کہ وہ کرسمس اپنی اہلیہ اور ان کی والدہ کے ساتھ کینیڈا میں منائیں گے۔ وہ کرسمس کی چھٹیوں میں اپنی دادی کو اکیلا چھوڑ گئے جو پہلے ہی اپنے شوہر شہزادہ فلپ سے دور ہیں۔ شہزادہ فلپ 5 روز سے ایک ہسپتال میں داخل ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ الزبتھ اپنے خطاب میں علامتی عبارتوں کے ذریعے اپنے دونوں پوتوں ولیم اور ہیری کے درمیان اختلافات کی جانب اشارہ کریں گی۔

بہرکیف یہ کوئی آسان صورت حال نہیں ہے اور شائد اس نے رواں سال ملکہ الزبتھ کو ایک بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔