Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیف الیکشن کمشنر  کے انتخاب کیلئے اہم اجلاس بے نتیجہ ختم

شائع 24 دسمبر 2019 06:32pm

چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے انتخاب کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ایک مرتبہ پھر بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

 رہنما ن لیگ مشاہد اللہ کہتے ہیں اصولی طور پر بات وہیں کی وہیں ہے تاہم کچھ برف پگھلی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے اراکین کے تقرر کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی پیشرفت کے ختم ہوگیا۔

یہ پارلیمانی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس تھا، ڈاکٹر شیریں میزاری کی صدارت میں اجلاس کمیٹی روم کی بجائے اسپیکر چیمبر میں منعقد ہوا جس میں تمام اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس زیادہ دیر تک جاری نہ رہا اور جلد ختم ہوگیا ، مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر بات وہیں کی وہیں ہے تاہم کچھ برف پگھلی ہے ، کچھ پیشرفت ہوئی ہے، امید ہے 30 دسمبر تک کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

 پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے اجلاس کا ٹوکن واک آؤٹ کیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ابھی تک موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو چیف الیکشن کمشنر بنانے پر ڈٹی ہوئی جس کی اپوزیشن کی طرف سے سخت مخالفت کی جاری ہے تاہم دونوں فریقین پرامید ہیں کہ اگلے اجلاس میں معاملہ حل کرلیا جائے گا۔