Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

جعلی غلاف کعبہ کی فروخت، ایشیائی باشندے گرفتار

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2019 05:55am

سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ بعض ایشیائی باشندے غلاف کعبہ جیسا کپڑا تیار کرکے فروخت کر رہے ہیں۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جعل سازوں سے یہ جعلی غلاف زائرین  بڑی رقم دے کر خرید رہے ہیں۔

سبق ویب سائٹ نے مکّہ میونسپلٹی کے ترجمان رائد سمرقندی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی اطلاع ملی تھی، تاہم یہ ویڈیو پرانی ہے۔

رائد سمرقندی کے مطابق پانچ نومبر 2018 کو مکّہ میونسپلٹی کے افسران نے متعلقہ ادارے کے تعاون سے مکّہ کے العتیبیہ محلے میں پرانے طرز کی عمارت اور اس کے احاطے پر چھاپہ مارا تھا۔ وہاں سے 20 سے زیادہ ایشیائی شہری پکڑے گئے تھے۔

عمارت میں غلاف کعبہ فیکٹری جیسے کپڑے پر قرآنی آیات کی کڑھائی کا کام کیا جا رہا تھا۔

گرفتار شدگان میں 20 سے زیادہ مرد اور خواتین شامل تھے۔ انہیں تحویل میں لے کر متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

وائرل ہونے والی نئی وڈیو میں جو دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرفتاری المسفلہ کی بلدیہ کے افسران نے النکاسہ کے علاقے سے کی یہ درست نہیں ہے۔

میونسپلٹی کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس طرح کے جعلساز گروہ سامنے آتے رہتے ہیں جو زائرین کی عقیدت سے ناجائز فائدہ اٹھا کر جعلی غلاف کعبہ اور جعلی زمزم بڑی رقم لے کر فروخت کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کئی لوگ مقامات مقدسہ سے منسوب اشیاء بھی مختلف عنوانوں سے فروخت کرنے کا دھندا کرتے ہیں مگر انہیں جلد گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ سعودی حکومت ان کے خلاف ضروری کارروائی کرتی ہے۔