Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز شریف کی احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت

شائع 23 دسمبر 2019 02:19pm

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاجواز گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ایک ثبوت ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کو نیب حکومت کٹھ جوڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔ جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر احسن اقبال کو شاباش ملنا چاہیے تھی، اس میں ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے۔ نوازشریف کا ہر سپاہی، ہر کارکن اور ہر ٹیم ممبر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی جیل، کوئی جھوٹا مقدمہ اور کوئی نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیں عوام کے حقوق کا دفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔ ہم حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین پرجھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔