Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

'ہم نالائقوں کو نالائق اور نااہلوں کو نااہل کہیں گے، تم نے جو کرنا ہے کرو'

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2019 02:27pm
فائل فوٹو

اسلام آباد: احسن اقبال کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ احسن اقبال ڈٹ جانے کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نے کچھ دیر قبل عمران خان کو عالمی گداگر کہا، احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کا ہر سپاہی ڈٹ کر کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال نے دن رات محنت کرکے عوام کی خدمت کی، سی پیک کو ان عالمی گداگروں اور چورں نے بند کردیا، یہ پاکستان کے نوجوان کی امید تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں احسن اقبال نے نوجوانوں کو امید دی۔ یہ لوگ احسن اقبال کو گداگر، نالائق، جھوٹے اور سلیکٹڈ کہنے سے منع کرتے رہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ پیپلزپارٹی کے دور میں منظور ہوا، یہ وہ مرا ہوا منصوبہ تھا جسے احسن اقبال نے زندہ کیا اور اس منصوبے کو وسیع کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کی انکوائری ختم ہوچکی تھی کیونکہ نیب کو کچھ نہیں ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 تو عمران خان پر لگنا چاہیئے، ملک کیخلاف وزیراعظم سازش کررہے ہیں، ملک میں تمام لوگ بےروزگار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم گداگر اور جھوٹے کو جھوٹا کہیں گے۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ ہم نالائقوں کو نالائق اور نااہلوں کو نااہل کہیں گے، تم نے جو کرنا ہے کرو، اور گرفتاریاں کرو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پشاور میٹرو اور اربوں کے کھڈے نظر نہیں آتے۔ حکومت مریم نواز، حمزہ اور شہباز شریف کے اسٹے کو ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ نہیں جاتی لیکن ایک کھرب کے کھڈوں کا اسٹے ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ نہیں جاتی۔

انہوں نے کہا کہ طاقت صرف اللہ تعالی کے پاس ہے، ہم اسی طرح بولیں گے آپ نے جو کرنا ہے کریں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہمیں جیل میں ڈالنے سے کیا آپ لائق ہوگئے؟ آج وہ تمام لوگ جیلوں میں ہیں جو سچے اور لائق ہیں۔

https://youtu.be/U9LZPdfodn8