Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے تاریخی نیشنل اسٹیڈیم پر کئی ریکارڈز بن گئے

شائع 21 دسمبر 2019 12:55pm

کراچی: نیشنل اسٹیڈیم پر کئی ریکارڈز بن گئے، پاکستانی اوپنرز نے سری لنکا کیخلاف سب سے بڑی شراکت بنائی۔ ٹیسٹ میں 18 سال بعد پاکستانی اوپننگ جوڑی نے سنچریاں اسکور کیں۔

پاکستان کے تاریخی میدان نیشنل اسٹیڈیم پر پھر تاریخ رقم ہوگئی، کئی ریکارڈز بن گئے۔

پاکستانی اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے 278 رنز اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ پر دوسری بڑی شراکت بنائی، پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت 298 رنز ہے جو عامر سہیل اور اعجاز احمد نے 1997 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف بنائی۔ یہ سری لنکا کیخلاف پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔

اس کے علاوہ 18 سال بعد پاکستانی اوپننگ جوڑی نے سنچری اسکور کی۔ عابد علی اور شان مسعود سے قبل 2001 میں سعید انور اور توفیق عمر نے بنگلا دیش کیخلاف سنچریاں بنائی تھیں۔

کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی اوپنر عابد علی نے سری لنکا کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں سنچری داغی۔ کیرئیر کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں سنچری اسکورکرنے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے نویں کرکٹربن گئے، عابد نے راولپنڈی میں اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں بھی سیکڑا بنایا تھا۔

عابد علی انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے نویں کرکٹر ہیں۔ ان سے پہلے اظہر الدین، بل پونسفورڈ، ڈگ والٹرز، ایلون کالی چرن، گریگ بلیویٹ، سارو گنگولی، روہت شرما اور جمی نیشم بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

عابد علی نے راولپنڈی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرکے دنیائے کرکٹ میں ون ڈے اور ٹیسٹ ڈیبیو پرسنچری اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ بنایا تھا۔

 

کراچی ٹیسٹ کا تیسرا روز: پاکستانی بلے بازوں نے بازی پلٹ کر رکھ دی

کراچی ٹیسٹ میں سری لنکا کیخلاف پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، قومی ٹیم نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں پر 395 رنز بنا کر مہمان ٹیم پر 315 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 278 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ عابد علی نے 174 اور شان مسعود نے 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان اظہر علی نے 13 اننگز بعد نصف سنچری اسکور کی۔

پاکستان کی جانب سے اس وقت وکٹ پر کپتان اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے گرنے والی دونوں وکٹیں فاسٹ بولر لاہیرو کمارا  نے اپنے نام کیں اس کے علاوہ کوئی بھی گیند باز کامیابی حاصل نہ کرسکا۔