Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

مودی کا مسلم مخالف قانون: اداکارہ شبانہ اعظمی کھل کر میدان میں آگئیں

شائع 20 دسمبر 2019 06:06pm

بالی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی مودی سرکار کی جانب سے متنازع شہریت کے قانون کیخلاف کھل کر میدان میں آگئیں۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ 'مجھے افسوس ہے اس وقت ہندوستان میں نہ ہونے کی وجہ سے میں ذاتی طور پر مظاہروں میں شامل نہیں ہوپارہی ہوں، لیکن میں پوری طرح آپ لوگوں کے ساتھ ہوں'۔

انہوں نے اپیل کی کہ افراتفری پھیلائے بناء آپ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ان مظاہروں میں شرکت کریں اور اس مہم کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے بات کا خاتمہ کیفے اعظمی کے شعر پر کیا کہ 'آج کی رات بہت گرم ہوا چلتی ہے، آج کی رات نہ فٹ پاتھ پر نیند آئے گی۔ سب اٹھو میں بھی اٹھوں تم بھی اٹھو، کوئی کھڑکی اسی دیوار میں کھُل جائے گی'۔

انہوں نے اپنی اگلی ویڈیو میں مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے اپنے شوہر جاوید اختر کا شعر پڑھا کہ 'جو مجھ کو زندہ جلا رہے ہیں وہ بے خبر ہیں، کہ میری زنجیریں دھیرے دھیرے پگھل رہی ہیں۔ میں قتل تو ہو گیا تمہاری گلی میں لیکن، میرے لہو سے تمہاری دیوار گل رہی ہے'۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'میں امید کرتی ہوں ہماری آواز کو دبانے کے بجائے سرکار ہماری آواز کو سنے گی۔ اور آج جو لوگ احتجاج کر رہے ہیں میں اُن کے ساتھ ہوں'۔

ایک اور ویڈیو میں انہوں نے شوہر جاوید اختر کا دوسرا شعر ' خون سے سینچے ہے جو میں نے زمین جو مرمر کے، وہ زمین اس ستم گر نے کہا اُس کی ہے' سناتے ہوئے "جواب دو" کیپشن درج کی۔