Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکارہ زیبا شہناز کے بھتیجے کا لندن میں اغوا کے بعد لرزاں خیز قتل

شائع 20 دسمبر 2019 04:31pm

پاکستان کی ویٹرن اداکارہ زیبا شہناز کے بھتیجے سبحانی کو لندن میں اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔

سماجی رہنما ظفر عباس نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اداکارہ نے بھتیجے کے اغوا اور قتل کی تمام تر تفصیلات بتائی ہیں۔

اداکارہ زیبا شہناز سماجی تنظیم جے ڈی سی کا حصہ ہیں اور رمضان المبارک میں وہ سحر و افطار میں خوب سماجی خدمت میں مصروف تھیں کہ اسی دوران انہیں خبر ملی کہ اُن کا 27 سالہ بھتیجا سبحانی لاپتا ہوگیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

اداکارہ کے مطابق ان کے بھتیجے نے کسی کو پیسے ادھار دیئے ہوئے تھے اور وہ اسی کی واپسی کا تقاضہ کررہا تھا لیکن وہ لوگ یہ پیسہ واپس نہیں دے رہے تھے۔

زیبا نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کو پیسے واپس دینے کیلئے نامعلوم افراد کا فون آیا اور وہ والد کی نئی گاڑی لے کر چلے گئے جس کے بعد سبحانی کا کوئی پتا نہیں چل سکا اور ان کا فون بھی بند آرہا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سبحانی کی اغوا سے 4 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، اُس کی نہ کسی سے لڑائی تھی اور نہ ہی وہ کسی برائی میں تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے مطابق سبحانی ایک خاتون کے گھر پیسے لینے گیا تھا جہاں اس خاتون نے 8 لڑکوں کے ساتھ مل کر اُس کا قتل کیا اور وہیں جنگل میں دفنا دیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ 8 ماہ تک مقتول کو تلاش کرتی رہی اور طویل جدو جہد کے بعد پولیس نے خاتون کو بھارت جاتے ہوئے ایئر پورٹ سے حراست میں لیا اور اس کی نشاندہی پر لاش برآمد کرکے دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔