Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

'کیا سنگین غداری کیس کا فیصلہ شہباز شریف نے لکھا ہے؟'

شائع 19 دسمبر 2019 04:20pm

اسلام آباد: سابق صدر کے خلاف سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ آنے پر معروف گلوکار ہارون شاہد نے سوال اٹھا دیا کہ کہیں یہ فیصلہ شہباز شریف نے تو نہیں لکھا ہے۔

آج خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں پرویز مشرف کو غدار قرار دیا ہے۔ اس تفصیلی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سزا سے قبل اگر سابق صدر فوت ہوجائیں تو ان کی لاش کو گھسیٹ کر ڈی چوک لایا جائے اور 3 روز تک پھانسی پر لٹکایا جائے۔

عدالتی فیصلے میں 'گھسیٹ کر ڈی چوک لایا جائے' کے لفظوں پر مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے گلوکار ہارون شاہد نے سوال اٹھایا کہ کہیں یہ فیصلہ شہباز شریف نے تو نہیں لکھا ہے؟

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں عدالتی فیصلے کا اسکرین شاٹ لگاتے ہوئے 'سڑکوں پہ گھسیٹوں گا' لکھا اور مشرف کیس کے فیصلے کو ڈھونگ قرار دیا۔

انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ 'گاڈ فادر' کہنے پر آگ لگ گئی تھی اور آج جج جو کہہ دیں ٹھیک ہے؟

واضح رہے کہ موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے 2013 کی انتخابی مہم کے دوران یہ دعویٰ کیا تھا کہ 'اگر انہیں حکومت مل گئی تو وہ زرداری کو اسلام آباد اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹیں گے'۔

شہباز شریف نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ 'زرداری کا پیٹ پھاڑ کر قوم کا لوٹا ہوا پیسہ نکالیں گے اور اگر وہ ایسا نہ کرسکیں تو ان کا نام تبدیل کردیا جائے'۔