Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

جامعہ ملیہ معاملہ: بالی وڈ خانز کی خاموشی پر سوالات اٹھ گئے

شائع 17 دسمبر 2019 04:24pm

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جامیہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پر پولیس کے وحشیانہ تشدد  کے معاملے پر بالی وڈ کے تینوں خانز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی خاموشی پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے۔

ان دنوں بھارت میں مسلمانوں سے امتیازی سلوک پر مبنی بل کی منظوری کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں شدید احتجاج جاری ہے۔ دہلی کی جامعہ ملیہ کے طلبہ بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں مگر گزشتہ دنوں پولیس نے ان پر دھاوا بولتے ہوئے تشدد کیا جس کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا تھا۔

سوشل میڈیا پر زیرگردش ان ویڈیوز میں پولیس کو طلبہ پر وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان ویڈیوز پر جہاں کئی غیرمسلم اداکار اور شخصیات اپنا اپنا ردعمل دے چکے ہیں وہیں بالی وڈ خانز کی خاموشی پر سوالات بھی اٹھ گئے ہیں اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تینوں خانز پر تنقید کرتے ہوئے لکھا 'شاہ رخ خان- آزادی کیلئے لڑنے والے بہادر کا بیٹا، اور جامعہ کا سابق طالبعلم'۔

عامر خان مشہور آزادی پسند شخصیت اور فلسفی مولانا ابولالکلام آزاد کے رشتے دار ہیں تو اس ٹوئٹر صارف نے اسی چیز کو موضوع بناتے ہوئے لکھا کہ 'عامر خان- جن کا تعلق آزادی پسند خاندان سے ہے'۔

اس کے علاوہ اس سوشل میڈیا صارف نے دبنگ خان کو یہ لکھا کہ تنقید کا نشانہ بنایا کہ 'سلمان خان- خود کو انسانیت کا علمبردار کہنے والے'۔

یہ تمام چیزیں لکھنے کے بعد اس سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ 'بھارت نے ان کو اسٹار بنایا، لیکن یہ لوگ اس وقت خاموش ہیں جب ان کی آواز کی ضرورت ہے۔ آپ کس سے خوفزدہ ہیں؟

کئی سوشل میڈیا صارفین نے بالخصوص شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں لیا کیونکہ وہ اس جامعہ کے سابق طالبعلم بھی رہ چکے ہیں۔