Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور:نجی کمپنی کے ڈرائیور پر تشدد کے بعد ملزم سے صلح نامہ

شائع 16 دسمبر 2019 05:18pm

لاہور میں گلبرگ کے علاقے میں شہری کے تشدد کا نشانہ بننے والے نجی کمپنی کے ٹیکسی ڈرائیور نے ملزم سے صلح  نامہ کر لیا۔ لاہور کی مقامی عدالت نے راضی نامہ پیش کرنے پر ملزم عقیل مرزا کو 2 لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا۔

 گذشتہ روز گلبرگ کے علاقے کیولری کے قریب نجی ٹیکسی کمپنی کے ڈرائیور کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم عقیل مرزا کو کینٹ کچہری کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شہباز حسن رانا کے روبرو پیش ہو کر مدعی مقدمہ گُل شان شہزاد نے صلح نامہ کا بیان حلفی جمع کرا دیا۔

مدعی گُل شان شہزاد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واقعے کے دوران ملزم نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی نہیں دی صرف تشدد کا نشانہ بنایا اس نے ملزم عقیل مرزا کو معاف کر دیا ہے۔

مقدمہ مدعی کی جانب سے راضی نامہ پیش کرنے کی بنیاد پر عدالت نے ملزم عقیل مرزا کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

 گذشتہ روز کیولری گراؤنڈ کے علاقے میں ملزم کی جانب سے ٹیکسی ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کی وڈیو میڈیا پر نشر ہونے کے بعد پولیس نے گُل شان شہزاد کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی اور ملزم عقیل مرزا کو گرفتار کیا تھا۔