Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوجوان نے ہیری پوٹر کی طرح "جھاڑو پر اُڑ کر" سب کو حیران کردیا

شائع 15 دسمبر 2019 05:00am

نیویارک: انتیس سالہ امریکی سی جی آئی ایکسپرٹ زیک کنگ اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر گاہے اپنی ایسی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ جاتے ہیں۔

گزشتہ دنوں انہوں نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ہیری پوٹر کی طرح چھڑی کے اوپر بیٹھ کر ہوا میں اڑ رہے ہیں۔

اس ویڈیو کو جس نے بھی دیکھا، دانتوں تلے انگلی دبا لی، لیکن ویڈیو کے اختتام پر جب زیک نے اس کرتب کا طریقہ افشاں کیا تو ہر کوئی دنگ رہ گیا۔

میل آن لائن کے مطابق اس ویڈیو میں دراصل زیک نے ایک بڑے سائز کا آئینہ ، اسکیٹ بورڈ اور ایک فرضی ٹانگ استعمال کی تھی۔

وہ اپنی دونوں ٹانگوں پر سکیٹ بورڈ پر کھڑے ہوئے اور فرضی ٹانگ آئینے کے دوسری طرف لٹکا دی۔ آئینے کے عکس میں نہ صرف وہ ایک ٹانگ دو نظر آنے لگیں بلکہ پس منظر بھی ہو بہو وہی آنے لگا اور سکیٹ بورڈ بھی آئینے کے پیچھے چھپ گیا۔

یوں زیک سکیٹ بورڈ کو دوڑانے لگے اور ویڈیو میں یوں لگا جیسے وہ ہوا میں اڑ رہے ہوں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی زیک اپنے کرتبوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہیں۔

 ٹک ٹاک پر ان کے 2 کروڑ 82 لاکھ فالوورز ہیں جبکہ یوٹیوب پر انہیں 51 لاکھ 40 ہزار لوگوں نے سبسکرائب کر رکھا ہے۔

زیک باقاعدگی کے ساتھ اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں اور اپنے ان کروڑوں مداحوں کو لطف اندوز کرتے ہیں۔