Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت کا ابھی نندن پر فلم بنانے کا اعلان، میجر آصف غفور نے چھترول کرڈالی

شائع 14 دسمبر 2019 03:42pm

ابھیشیک کپور کی ہدایتکاری میں بالاکوٹ کی جھوٹی سرجیکل اسٹرائیک اور پاکستان کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی وِنگ کمانڈر ابھی نندن کو ہیرو کی طرح پیش کرنے کیلئے فلم بنانے کا اعلان کیا تو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھی ٹوئٹر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے چھترول کر ڈالی۔

میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں لکھا ایک فوجی کی حیثیت سے ونگ کمانڈر ابھی نندن کا احترام کرتا ہوں، لیکن ہاں۔۔ آپ کا یہ خواب صرف بالی وڈ کے ذریعے ہی پورا ہوسکتا ہے۔ ورنہ 26 فروری کی جھوٹی اسٹرائیک سے اور 27 فروری کو پاکستان ائیر فورس کی جانب سے گرائے گئے 2 بھارتی جنگی طیاروں کا ملبہ ہمیشہ آپ کو ڈراتا رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی پروڈیوسرز وویک اوبرائے، سنجے لیلا بھنسالی اور بھوشن کمار نے جھوٹی اسٹرائیک اور ابھی نندن پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا۔ بھوشن کمار نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ بھارت کے نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار ابھیشیک کپور فلم کی ہدایتکاری کریں گے اور اس کا اسکرپٹ لکھیں گے۔