Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

عازمین کی رقم پر 1 ارب 17 کروڑ سود حاصل ہوا، وزارت مذہبی امور

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2019 07:57pm

وزارت مذہبی امورکا کہنا ہے کہ عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم پر 5 سالوں میں 1 ارب 17کروڑروپے کا سود حاصل ہوا جوحجاج کی ویکسین، ٹریننگ، ادویات اورمیڈیا کیمپین پر خرچ کیا جاتا ہے۔

 قومی اسمبلی اجلاس کے وقفہ سوالات میں وزارت مذہبی امور تحریری جواب  جمع کرادیا جس میں بتایا گیا کہ حجاج کی جمع کروائی گئی رقم پربینکوں سے سود لیا جاتا ہے ، حجاج کی رقم پر 2018 میں 21کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا تھا ۔

تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس عازمین حج کی جانب سے 3لاکھ 74 ہزار 857 درخواستیں دی گئیں اور ان درخواستوں کے ساتھ 106ارب 41 کروڑ سےزائدرقم اکٹھی ہوئی جس پر 21 کروڑ  روپے کا سود حاصل ہوا تھا۔

جواب کے مطابق عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی گئی رقم پر گزشتہ 5سال کے دوران 1ارب 17 کروڑ روپے کاسودحاصل ہوا اور یہ رقم حجاج کی ویکسین،ٹریننگ،ادویات پرخرچ ہوتی ہے۔وزارت مذہبی امور کا کہنا ہےکہ قرعہ اندازی کے بعد ناکام درخواست گزاروں کو رقم واپس کر دی جاتی ہے۔