Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

افغانستان: دو مختلف مقامات پر طالبان کی کارروائیاں، 15 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

شائع 09 دسمبر 2019 02:32pm

افغانستان میں طالبان کی دو مختلف کارروائیوں میں پندرہ سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

افغانستان میں طالبان کے خودکش حملے میں نو افغان فوجی اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے کے مطابق خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی جنوبی افغانستان میں ایک فوجی اڈے کے قریب دھماکے سے اڑادی جس سے  سیکیورٹی پر مامور نو افغان فوجی اہلکار موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

حکام کے مطابق یہ خودکش بم دھماکا ہیلمند صوبے میں ناد علی ضلع کے وسط میں ہوا ۔ہیلمند صوبے کے بڑے حصے پر طالبان کا کنٹرول ہے ۔

واقعے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور لاشوں کو ملبے سے نکالا جارہا ہے،مقامی حکام نے واقعے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

طالبان نے واقعے کی ذمے داری قبول کرلی ہے ۔

طالبان نے غزنی صوبے میں بھی اتوار کی رات کو ایک کارروائی کی ، کارروائی میں افغان نیشنل آرمی کے چھ فوجی ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات قطر میں شروع ہوگئے ہیں ۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی اس حوالے سے تصدیق کی ہے۔