Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈین جونز کی "پُراسرار سُرخ بُک" کا رنگ بدل گیا

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2019 07:23am

کراچی: پی ایس ایل سیزن 5 میں کراچی کنگز کے نئے ہیڈ کوچ ڈین جونز کی پُراسرار بُک کا رنگ بدل گیا۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈین جونز کی سب سے بڑی خاصیت اس کی کتاب ہوتی ہے، ہم نے اسے کھول کر سمجھنے کی بڑی کوشش کی

لیکن نمبرز کے علاوہ کچھ سمجھ نہیں آیا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر اس "ریڈ بک" کو ہر وقت اپنے ساتھ رکھتے ہیں اور اگر کوئی ان کی کتاب کو چھونا چاہے تو ڈین جونز کو یہ ناگوار گزرتا ہے۔

کھلاڑی بھی لاعلم ہیں کہ آخر کار اس بک میں ایسا کیا ہے؟ پی ایس ایل سیزن تھری میں فاسٹ بالر رومان رئیس کا کہنا تھا کہ میں نے بھی نہیں دیکھا کہ اس کتاب میں ایسا کیا ہے، ڈین جونز کتاب کو اتنی حفاظت سے رکھتے ہیں کہ اسے کوئی دیکھ بھی نہیں سکتا۔

اہم بات یہ ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچز کے دوران اننگ بریک آںے پر یہ کتاب کھول کر ڈین جونز کھلاڑیوں کو ہدایت دیتے تھے۔

کپتان مصباح الحق کچھ کچھ جانتے ہيں کہ اس کتاب ميں ايسا کيا ہے، پوچھنے پر جواب دیا کہ اعدادو شمار، کس بالر کا کیا اسٹرائک ریٹ ہے، کیا ایوریج ہے ہم توجہ نہیں دیتے لیکن اس کتاب میں سب کچھ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈین جونز گزشتہ 4 سال سے ریڈ بک لے کر پھر رہے تھے،اب ہم نے ان کے لیے بلیو بک ڈھونڈ لی ہے اور امید ہے کہ یہ لمبا عرصہ ان کے پاس رہے گی۔

اس موقع پر ڈین جونز کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں مکمل پی ایس ایل کھیلنے کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں، یہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے سب سے بڑا تحفہ ہے اور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کرکٹ کھیل کر دنیا کو اپنے جذبات سے آگاہ بھی کریں گے۔

اس موقع پر صدر کراچی کنگز وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، سلمان اقبال نے درست کہا ہمیں مستقل کپتان رکھنا چاہیے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ڈین جونز اچھے کوچ ہیں انہیں معلوم ہے کہ اسٹریٹجی کیسے بنانی چاہیے، کپتان اور کوچ بدلنے سے ٹیم نہیں بدلتی، کسی بھی ایک کوچ یا کپتان کے ایک ٹور سے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔