Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

دنیا سے مسلمانوں کا نام و نشان مٹانے کی خواہش ، نوجوان کو بڑی سزا مل گئی

شائع 08 دسمبر 2019 04:19am

لندن: مسلمانوں کو صفحہِ ہستی سے مٹانے کا مطالبہ کرنے والے برطانوی نوجوان کو بڑی سزا مل گئی۔

میل آن لائن کے مطابق اس 22 سالہ نوجوان لوئس ڈکسبری نے 2017ء میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد فیس بک پر 17 منٹ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اس نے مسلمانوں کے خلاف کھل کر زہر اگلا تھا۔

یارک کے علاقے کے رہائشی اس نوجوان کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ دنیا کے تمام لوگ مسلح ہو جائیں اور جہاں کسی مسلمان کو دیکھیں اسے موت کے گھاٹ اتار دیں۔

یہ شخص اس وقت سینٹ جان یونیورسٹی میں زیرِتعلیم تھا۔ اس کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد انتظامیہ نے اسے یونیورسٹی سے نکال دیا اور پولیس کو مطلع کر دیا۔

اس شخص نے یہ پہلی بار مسلمانوں کے خلاف زہر نہیں اگلا تھا۔ 2015 ءمیں محض 15 سال کی عمر میں بھی اس نے ایک ایسی ہی ویڈیو پوسٹ کی تھی اور اس میں مسلمانوں کے خلاف ایسی ہی باتیں کی تھیں۔

جج نے مجرم کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ تمہاری یہ ویڈیو مسلمانوں پر ہونے والے حملوں میں اضافے کا سبب بنے گی۔ میرے خیال میں تم تنہائی اور افسردگی کے شکار ہو لیکن تمہیں جیل جانا پڑے گا۔

جس کے بعد اسے 18 ماہ قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔