Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکا اور طالبان میں مذاکرات کا آغاز

شائع 07 دسمبر 2019 01:51pm

امریکا اور طالبان کے درمیان قطر میں امن مذاکرات کا آغاز ہوگیا ۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد قطر پہنچ گئے ہیں ۔ تین ماہ قبل ایک امریکی فوجی کی افغانستان میں ہلاکت کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

ستمبر میں افغان طالبان اور امریکا معاہدے کے قریب پہنچ گئے تھے اور معاہدے کے تحت سیکیورٹی گارنٹی کے بعد واشنگٹن نے امریکی فوجیوں کے انخلا کے مرحلے کا آغاز کرنا تھا۔

امید کی جارہی تھی کہ امریکا سے معاہدے کے بعد طالبان اور افغان کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہوجائے گی تاکہ وہاں پر اٹھارہ سال سے جاری بدامنی کا خاتمہ ہوسکے۔

تاہم اب ذرائع  کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات دوہا میں شروع ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کا محور افغانستان میں تشدد میں کمی لاکرانٹرا افغان بات چیت اور سیز فائر پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

زلمے خلیل زادنے حال ہی میں افغانستان اور پاکستان کا اچانک دورہ بھی کیا تھا جبکہ چند روز قبل ہی امریکا اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ بھی ہوا ہے اور طالبان رہنماوں کی رہائی کے بدلے طالبان نے مغوی امریکی اور آسٹریلوی باشندوں کو رہا کیا تھا۔