آرمی چیف کے عہدے کو پارلیمینٹ میں تماشا نہ بنایا جائے، سراج الحق
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ آرمی چیف کے عہدے کو پارلیمینٹ میں تماشا نہ بنایا جائے۔ وہ ان ہاؤس تبدیلی کے خلاف نہیں لیکن ایسا کرنے سے پہلے سوچنا ہے کہ متبادل کیا ہوگا۔ امیر و غریب کیلئے یکساں نظام نافذ ہونے تک تبدیلی نہیں آسکتی۔
منصورہ لاہور میں یوتھ کنونشن سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے مسئلے پر سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔
انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کی عدالتوں کی طرح آرمی چیف کے عہدے کو پارلیمینٹ میں میں تماشہ نہ بنایا جائے۔
ان ہاؤس تبدیلی کے سوال پر امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس حوالے سے اپوزیشن سے مشاورت نہیں ہوئی تاہم شہباز شریف صاحب نے لندن سے ایک بیان ضرور داغا ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی سے پہلے متبادل پر بات ہونی چاہیئے۔ وہ نہیں چاہتے کہ لوگ ڈنڈے لیکر اسلام آباد پر چڑھ دوڑیں۔
سراج الحق نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیئے، اگر غریب کی بجلی میٹر کٹ سکتا ہے تو بڑے سرمایہ داروں کے خلاف ادارے حرکت میں کیوں نہیں آتے۔
Comments are closed on this story.