Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی فوجی اڈے "پرل ہاربر" پر فائرنگ ،بھارتی ائیر چیف بھی موجود

اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2019 07:26am

ہونولولو: امریکا کے پرل ہاربر بیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جہاں بھارتی ایئرچیف بھی موجود تھے۔

امریکا کی تاریخی پرل ہاربر میں ایک امریکی فوجی نیوی آفیسر کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد نیول بیس کو محاصرے میں لے لیا گیا تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کرنے والا امریکی سیلر تھا اور اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ائیر چیف راکیش کمار سنگھ بھی پرل ہاربر میں موجود تھے تاہم وہ حملے کے دوران محفوظ رہے۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق چیف آف ائیر سٹاف راکیش سنگھ امریکی ائیر بیس میں موجود تھے جو نیول بیس سے دور ہے۔

واقعے کے بعد پرل ہاربر پر عسکری سرگرمیاں کچھ دیر کے لیے روک دی گئی ہیں اور جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول سمیت دیگر ثبوت و شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ فوجیوں کو جائے حادثہ کی طرف جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

فائرنگ ہونے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ تاہم نیول اتھارٹی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ پرل ہاربر بحری اڈے کو امریکی ائیر فورس اور بحری افواج بھی مشترکہ طور پر استعمال کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ پرل ہاربر وہ مشہور فوجی اڈہ ہے جس پر 7 دسمبر 1941 کو جاپانی فضائیہ نے اچانک حملہ کیا تھا جس سے 8 امریکی بحری جہاز اور 188 طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے اور 9 بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ 2403 امریکی فوجی اور 68 شہری ہلاک ہوئے تھے۔