Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کامیاب جوان اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام کا تجرباتی آغاز

شائع 03 دسمبر 2019 07:27am

قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور Bir Ventures IdeaGist کے زیر اہتمام اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے اسٹارٹ اپ پاکستان کامیاب جوان پروگرام کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے ، جس میں قومی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم تیار کرنے کا تصور پیش کیا گیا  ہے جو 2023 ءتک 10 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کی تربیت فراہم کرے گا اور 10000 اسٹارٹ اپ لانچ کرے گا، اور اس کے ساتھ ساتھ ملازمتوں اور معاشی سرگرمیوں  میں وسعت پیدا کرے گا۔

٭ توسیع پزیر اور پائیدار راستہ

اسٹارٹ اپ  پاکستان کا مقصد ایک واحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے پورے ایکو سسٹم کو جوڑنا، انفرادی کے بجائے اجتماعی سرگرمیوں کی حوصلہ افزئی ، علوم  کا تبادلہ کرنا ، اور ایک ہی  ذریعے  سے مالی اعانت / سرمایہ کاری تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

وائس چانسلر  قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد ، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی ، وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات ، اسد عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو سالانہ 1.7 ملین ملازمتوں کی ضرورت ہے اور اسٹارٹ اپ کے ذریعے مزید ملازمتوں کے مواقع پیدا  کرنا وقت کی اہم  ضرورت ہے جو معاشی سرگرمی اور ترقی میں اضافے میں معاون ثابت ہو گا۔ اسٹارٹ اپس کسی بھی ملک کی معاشی ترقی  کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں جبکہ  جدت طرازی اور ایڈوانس ٹیکنالوجی کے ذریعے کاروبار کی نئی جہات متعارف ہوتی ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانوں کے امور ، عثمان ڈار ، اور وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات ، اسد عمر نے اسٹارٹ پاکستان کے پائلٹ پروگرام کا افتتاح کیا۔ عثمان  ڈار نے اپنی تقریر کے دوران ملازمتیں پیدا کرنے اور معاشی سرگرمی میں اسٹارٹ اپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹارٹ اپ پاکستان کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے  اور مواقع پیدا کرنے کے لئے سرکاری و نجی شراکت داری کو بروئے کار لائے گی۔

اسٹارٹ اپ پاکستان کے فوکل پرسن  شہزاد گل نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اسٹارٹ اپ پاکستان کیریئر کے انتخاب کے طور پر جدت اور فروغ کے ذریعہ کاروباری ثقافت کی تبدیلی پر توجہ مرکوز کررہا ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اگلی نسل کی رہنمائی  کرنے کی ترغیب دلائی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تربیت کی فراہمی کے ذریعے  کارکردگی کو بہتر بنانے اور  نوجوانوں کی صلاحیتوں  میں اضافے کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں۔

تقریب کے شریک میزبان حسن سید ، چیئر پرسن Bir Ventures اور آئیڈیا جیسٹ کے بانی ، نے نوجوان نسل کو جدت کی دعوت دی کہ علم کی معیشت میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ Bir Ventures اپنے دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل انکیوبیشن پلیٹ فارم آئیڈیا جسٹ  کے ذریعے اسٹارٹ اپ پاکستان کی مدد کررہا ہے۔ حسن  سید نے وضاحت کی کہ تجرباتی بنیادوں پہ اسٹارٹ اپ پاکستان کو 8 شہروں کی  یونیورسٹیوں اور بیر وینچرز (آئیڈیا جیسٹ) کے درمیان باہمی اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے۔