Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

'چالیس ہزار کروڑ روپے ٹرانسفر کرنے کیلئے 80 گھنٹوں کیلئے وزیراعلٰی تبدیل'

شائع 03 دسمبر 2019 04:57am

ممبئی:بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مسلسل دوسری بار تقریباً 80 گھنٹوں کے لیے دیویندر فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے کے حوالے سے بی جے پی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ اننت ہیگڑے نے چونکانے والا انکشاف کیا ہے۔

اترا کنڑ ( کرناٹک) سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ 40,000 کروڑ روپے کے مرکزی فنڈ کے لیے فڑنویس نے تین دنوں تک کے لیے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

ہیگڑے نے بتایا کہ ہزاروں کروڑ روپے کے اس فنڈ تک صرف وزیر اعلیٰ کی ہی پہنچ ہوتی ہے، ایسے میں فڑنویس نے وزیر اعلیٰ بن کر اس فنڈ کو مرکز کو لوٹانے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی اتحاد کا وزیر اعلیٰ بننے کی صورت میں اس فنڈ کا غلط استعمال ہو سکتا تھا ایسے میں یہ ڈرامہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ہیگڑے نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ بنتے ہی فڑنویس نے 15 گھنٹوں کے اندر 40,000 کروڑ روپے کا فنڈ مرکز کو واپس کر دیا۔

بی جے پی لیڈر اننت ہیگڑے نے کہا کہ انہوں نے یکم دسمبر یعنی اتوار کو کہا تھا کہ آپ لوگ جانتے ہیں مہاراشٹر میں ہمارا ایک آدمی 80 گھنٹے کے لیے وزیر اعلیٰ بنا۔ اس کے بعد فڑنویس نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے یہ ڈرامہ کیوں کیا تھا؟ کیا ہم لوگ یہ نہیں جانتے تھے کہ ہمارے ( بی جے پی) پاس اکثریت نہیں ہے پھر بھی وہ وزیر اعلیٰ بنے۔ ہر کوئی یہ سوال پوچھ رہا ہے۔

اننت ہیگڑے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہزاروں کروڑ روپے کا یہ فنڈ مہاراشٹر کی ترقی کے لیے تھا۔ ایسے میں شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت بننے پر اس کا غلط استعمال ہو سکتا تھا۔