Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرسی کے ساتھ وہ کام جو صرف خواتین کرسکتی ہیں، مرد نہیں

شائع 01 دسمبر 2019 05:41am

نیویارک: انٹرنیٹ صارفین کو نت نئے چیلنجز آزمانے کا بھرپور موقع ملتا ہے، جو تفریح کا باعث بھی بنتے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ انتہائی احمقانہ اور خطرناک بھی ہوتے ہیں جن سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔

آج کل کرسی یا اسٹول کے ساتھ ایک ایسا چیلنج وائرل ہورہا ہے جو خواتین تو باآسانی پورا کر سکتی ہیں لیکن مردوں کے لیے یہ کام کرنا ناممکن ثابت ہو رہا ہے۔

دی مرر کے مطابق چیلنج کچھ یوں ہے کہ ایک اسٹول لے کر اپنے پاس رکھیں اور دیوار کی طرف منہ کرکے کھڑے ہو جائیں۔ اب اپنا ایک پاﺅں سیدھے رخ دیوار کے ساتھ یوں لگائیں کہ آپ کی انگلیاں دیوار کے ساتھ مس ہو رہی ہوں۔

اب اپنے دوسرا پاﺅں اسی طرح پہلے پاﺅں کے پیچھے رکھیں اور پھر اپنا پہلا پاﺅں اٹھا کر دوسرے پاﺅں کے پیچھے۔ یوں آپ کے اور دیوار کے درمیان "تین پاﺅں" کا فاصلہ ہو جائے گا۔ اب آپ وہیں کھڑے ہو جائے اور جھک کر اپنے سر کو دیوار کے ساتھ لگا دیں۔

خیال رہے کہ پیروں کو بالکل بھی نہیں ہلنے دینا۔ اب اپنے پاس پڑے اسٹول کو کھینچ کر اپنے سینے کے نیچے لائیں اور دونوں ہاتھوں سے اٹھا کر سینے کے ساتھ لگا لیں اور پیروں کو اپنی جگہ سے ہلائے بغیر سیدھا کھڑا ہونے کی کوشش کریں۔

اب تک انٹرنیٹ پر اس چیلنج کی جتنی بھی ویڈیوز پوسٹ کی گئی ہیں ان میں خواتین آسانی کے ساتھ سیدھی کھڑی ہو جاتی ہیں لیکن مرد اوپر اٹھتے ہوئے اپنا توازن کھو بیٹھتے ہیں اور کچھ گرتے گرتے سنبھل جاتے ہیں اور کچھ تو فرش پر گر ہی پڑتے ہیں۔

یہ چیلنج ابتدائی طور پر کرسٹینا سرنٹینو نامی امریکی لڑکی اور اس کے منگیتر ڈیون نے کیا۔ ان میں سے بھی کرسٹینا آرام سے اس چیلنج پر پوری اترتی ہے جبکہ ڈیون توازن کھو دیتا ہے اور اسٹول اس کے ہاتھوں سے گر جاتا ہے۔