Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

دلچسپ و عجیب: پیدائشی حاملہ نومولود بچّی کا سی سیکشن آپریشن

شائع 01 دسمبر 2019 04:32am

مونیکا ویگا نے اپنے حمل کے ساتویں ماہ میں الٹرا ساؤنڈ کرایا تو انہیں معلوم ہوا کہ اُن کے ہاں جڑواں بچے پیدا ہونگے۔ لیکن پیدائش  سے پہلے ہی ایک جنین نے دوسرے کو جذب کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق کولمبیا سے تعلق رکھنے والی مونیکا کے حمل کو جنین میں جنین یا  "fetus in fetu"  کہا جاتا ہے جو بہت نایاب ہے۔ 2010 کی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس طرح کا کیس ہر پانچ لاکھ پیدائش میں سے ایک ہوتاہے۔

بدقسمتی سے مونیکا کے کیس میں پہلے اُن کا سی سکیشن آپریشن ہوا، اس کے بعد اُن کی ایک دن کی بیٹی اٹزمارا کا سی سیکشن کیا گیا۔

اس کیس میں صرف ایک حبل سری (Umbilical cord) اٹزمارا اور اُن کی ماں کے درمیان درست طریقے سے جڑی تھی۔ دوسری حبل سری اٹزمارا اور مردہ جنین کے درمیان جڑی تھی۔ اس طرح مردہ جنین طفیلی جڑواں کے طور پر نشوونما پاتا رہا۔

یہ مردہ جنین دل اور دماغ نہ ہونے کے باوجود خطرناک حد تک تیزی سے نشوونما پا رہا تھا۔ اس کا سائز صحت مند بچی کے اندرونی اعضا کے لیے خطرہ تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ ڈاکٹروں کو پہلے ماں کی ہنگامی سرجری کرنا پڑی اور اس کے فوراً بعد صحت مند بچی کی ہنگامی سرجری کر کے مردہ جنین کو نکالا گیا۔

طبی جرائد میں اس طرح کے 200 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ بہت سے کیسز میں تو اس کی تشخیص میں ہی کافی وقت لگ جاتا ہے، جس سے صحت مند بچہ بھی وفات پا سکتا ہے۔

جنین میں جنین کا ایک کیس 17 سالہ بھارتی لڑکی کے ساتھ بھی پیش آیا تھا۔ انہوں نے پانچ سال تک پیٹ میں بڑھتی ہوئی گلٹی کو نظر انداز کیا۔ اس گلٹی نے صرف اُن کے پیٹ میں درد کیا اور اُن کی کھانے کی عادات کو متاثر کیا۔ تاہم جب ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کیے تو معلوم ہوا کہ اس گلٹی میں کئی دانت، بال، ہڈیاں اور دوسرے انسانی اعضا تھے۔ اس لڑکی کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ وہ تقریباً دو دہائیوں سے اپنے طفیلی جڑواں کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔ خوش قسمتی سے ڈاکٹروں نے مردہ جنین کے اعضا کو نکال دیا، جس کے بعد لڑکی بالکل صحت مند ہو گئی۔