Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران نے مظاہروں میں ملوث "امریکی خفیہ سروس" سے وابستہ عناصر کو گرفتار کرلیا

شائع 30 نومبر 2019 07:38am

تہران: ایران کی وزارت انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ایرانی انٹلیجنس نے امریکی خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ عناصر کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی انٹلیجنس نے امریکا کی جاسوس تنظیم سی آئی اے کے ساتھ تعاون کرنے والے 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ہنگاموں کے بارے میں اطلاعات اور تصاویر لے کر ملک سے فرار ہونے کی کوشش میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایرانی انٹیلیجنس ادارے کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ایرانی انٹیلیجنس اہلکاروں نے دشمن پر کاری ضرب لگاتے ہوئے اس کے ساتھ منسلک اور تعاون کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ باقی ماندہ افراد کے خلاف بھی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد ایران کے بعض شہروں میں عوام نے پر امن مظاہرے کئے تھے لیکن اغیار سے وابستہ بلوائی عناصر نے عوام کے ان مظاہروں کو تشدد میں تبدیل کرکے منحرف کردیا۔ بلوائیوں نے مختلف شہروں میں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔

بلوائیوں کے ان اقدامات سے یہ واضح ہوجاتا ہےکہ یہ کام عام افراد کا نہیں ہے بلکہ ایک منظم منصوبہ بندی کے ساتھ انجام پایا ہے- اس دوران وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعوؤں کی تکرار کرتے ہوئے نہ صرف بلوائیوں اور تخریبی عناصر کی حمایت کا اعلان کیا بلکہ ایک مداخلت پسندانہ بیان میں ایران کے عوام کی حمایت کا بھی اعلان کیا -