Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

چھوٹے بچے دانت نکلنے پر کاٹتے کیوں ہیں؟

شائع 30 نومبر 2019 06:30am

کمسن بچوں کے دانت نکلنے کا عمل شروع ہوتا ہے تو وہ کاٹنا شروع کردیتے ہیں، بچوں کا یہ فطری عمل کیوں ہوتا ہے؟ اس کی وجہ ماہرین نے تلاش کرلی۔

امریکی یونیورسٹی آف مشیگن ہیلتھ سسٹم کے ماہرین اس بات کی وجہ کو کافی عرصے سے تلاش کررہے تھے، البتہ اُن کا دعویٰ ہے کہ وہ وجہ تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ماہرین نے اس حوالے سے ایک مطالعاتی تحقیق کی، اس دوران دانت نکلنے والے بچوں کا بغور مشاہدہ کیا گیا اور اُن کے کاٹنے کے عمل پر غور کیا گیا۔

تحقیقی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب بچوں کے دانت آنا شروع ہوتے ہیں تو اُن کا دوسروں کو کاٹنا فطری عمل ہے، البتہ یہ اس بات کی بھی نشانی ہے کہ جن بچوں میں پیدائشی طور پر مایوسی، دباؤ یا طاقت کی کمی ہوتی ہے وہ یہ سب کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بچوں کو تکلیف میں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ وہ اظہار کس طرح کریں تو وہ قدرتی طور پر کاٹنے کو ترجیح دیتے ہیں، اس کے جواب میں ملنے والا ردعمل کمسن کو مزید طاقتور بناتا ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے تحقیق میں پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کا بھی ڈیٹا جمع کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ جن بچوں میں صبر نہیں ہوتا یا اپنی بات منوانے کی ضد سوار ہوتی ہے تو وہ دوسرے کو کاٹ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔