Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے، وزیراعظم عمران خان

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2019 04:52pm

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت اور قانون کی رہنمائی میں آئندہ کے لیے قانون سازی ہو گی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مافیا کو مایوسی ہوئی، ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو بھی شکست ہوئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو عدالتی فیصلہ اورکارروائی پر بریفنگ دی اور عدلیہ کے کردار کی تعریف کی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے۔ عدالت نے آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کی۔ پہلے اس طرح کے سوالات کبھی سامنے نہیں آئے۔ عدالت اورقانون کی رہنمائی میں آئندہ کے لیے قانون سازی ہو گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے سے مافیا کو مایوسی ہوئی۔ اپنا پیسہ بچانے والے اس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہو گی جبکہ ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی۔

اجلاس میں ترجمانوں کوفارن فنڈنگ کیس پربھی بریفنگ دی گئی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں قانونی ٹیم پر تحفظات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا پی ٹی آئی جمہوری اقدار پریقین رکھتی ہے، جمہوریت میں اختلاف ہوتا ہے، قانونی ٹیم نے عدالت عظمی کومطمئن کرنے میں اہم کرار ادا کیا۔ عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی کامیابی ہے۔