Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی صدر نے "فوٹوشاپ" کی گئی تصویر کیوں شئیر کی؟ نئی بحث شروع

شائع 28 نومبر 2019 07:28am

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بعض اوقات اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایسی ٹویٹ شیئر کر دیتے ہیں جس سے نہ ختم ہونے والی بحث کا ایک سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

بدھ کی صبح کو بھی صدر ٹرمپ نے باکِسنگ رِنگ میں اپنی ایک جعلی (فوٹوشاپ شدہ) تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں انہوں نے فائٹ کے لیے باکسنگ گلوز اور باکسنگ نیکر پہن رکھی تھی، تاہم اہم بات یہ تھی کہ اُنہوں نے اس کے ساتھ کوئی کیپشن نہیں لکھا۔

دراصل یہ تصویر ہالی وڈ کی مشہور فلم "راکی تھری" میں ہیرو سلویسٹر سٹالون کی تھی جس پر صدر ٹرمپ کا چہرہ لگا دیا گیا تھا۔

اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تصویر کے ساتھ کوئی کیپشن نہیں لکھا تاہم اس تصویر کو منگل کی شام فلوریڈا میں "کیپ امریکا گریٹ" ریلی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جس میں انہوں نے ایک ہفتہ قبل والٹر ریڈ ہسپتال کے غیر اعلانیہ دورے کا ذکر کیا تھا۔

ہسپتال کے اس غیر اعلانیہ دورے کے حوالے میڈیا میں امریکی صدر کی طبیعت خرابی کا تاثر پیدا ہوا، تاہم اب امریکی صدر نے یہ تصویر شئیر کی ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ ایک دم فٹ ہیں۔

ٹرمپ نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں "خُوب صورت چھاتی دکھانے کو کہا تھا کہ ہم اسے دیکھنا چاہتے ہیں۔"

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ "ڈاکٹرز نے انہیں کہا کہ ہم نے اس سے پہلے ایسی چھاتی کبھی نہیں دیکھی۔"

یاد رہے کہ ہالی وڈ کی فلم "راکی تھری" اس  سیریز کی فلموں کی تیسری فلم تھی جو 1982 میں ریلیز ہوئی تھی۔

صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے مِلا جُلا ردِعمل دیا، کچھ نے اُن کا مذاق اُڑایا جبکہ بعض نے اُن کی تعریف بھی کی۔