Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

چاند پر خلائی اڈہ قائم کرنے کا اعلان

شائع 28 نومبر 2019 06:55am
سائنس

ماسکو: روس نے 2025ء کے بعد چاند پر اپنا خلائی اڈہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ روس چاند پر ایک بیس قائم کرے گا جسے سیارچوں، دُمدار ستاروں کی نگرانی اور دیگر سیاروں پر پروازوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے خلائی ادارے "روسکوموس" کے ایگزیکیٹو ڈائریکڑ برائے سائنس و طویل المدت پروگرامز الیگزینڈر بلوشکینو نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس سال کے آخر تک روسی خلائی ادارہ روسکوموس چاند پر خلائی تحقیق سے متعلق حکومت کو ایک پروگرام پیش کرے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک تفصیلی پروگرام تیار کیا جارہا ہے جس پر 2025ء کے بعد عمل درآمد ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زمین کے لیے خطرے کا باعث بننے والے سیارچوں اور دُمدار ستاروں کا پتہ لگانے کے لیے خصوصی دور بینوں اور بیرونی خلاء کی تحقیق کے لیے آلات چاند کے جنوبی قطب کی بیس پر نصب کئے جائیں گے۔

روسی خلائی ادارہ چاند سے خلائی سفر کے لیے ٹیکنالوجیز کا بھی تجربہ کرے گا جبکہ بیس کی انفرا سٹرکچر کی مینٹینس کے لیے روبوٹ سسٹم سے مدد لی جائے گی جس کی ناکامی کی صورت میں زمین سے خلاء باز چاند پر جائیں گے۔