Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں پاکستانی فلم 'تلاش' کی اسکریننگ، تالیاں گونج اُٹھیں

شائع 27 نومبر 2019 04:36pm

نیویارک: غذائی قلت پر بننے والی پاکستانی فلم 'تلاش' کی اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منگل کے روز ایک بڑے اجتماع کے سامنے خصوصی اسکریننگ ہوئی جس کے فلم کو بھرپور طریقے سے سراہا جارہا ہے۔

اس تقریب کا اہتمام حال ہی میں تشکیل پانے والے اقوام متحدہ کے عملے ​​پاکستان کلب نے اقتصادی اور سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے چیمبر نے کیا تھا، جو بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کو اپنانے کی 30 ویں سالگرہ کی یادگار کا ایک حصہ تھا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے منصب سنبھالنے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں جب اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کا اعلان کیا تو انہوں نے بچوں میں غذائی قلت کو کم کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں (خصوصاً پسماندہ علاقوں) میں ایسے منصوبوں کا آغاز ہوچکا ہے جن سے غذائی قلت کو دور اور بھوک و افلاس پر قابو پایا جاسکے۔

فلم کا اختتام ہوا تو اسے دیکھنے والے بڑے اجتماع کی جانب سے بھرپور تالیاں بجائی گئیں۔ ہدایتکار ذیشان خان نے اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں فلم کی اسکریننگ کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ فلم 'تلاش' میں مرکزی کردار فاریہ حسن، احمد زیب اور نعمان سمیع نے نبھائے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں مصطفیٰ قریشی، عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج، ممتاز کنول اور حمیرا بانو شامل ہیں۔