Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی حکومت نے عدالتی اعتراضات دورکرنے سے متعلق نیا مسودہ تیارکرلیا

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2019 05:38pm

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق وفاقی حکومت نے عدالتی اعتراضات دورکرنے سے متعلق نیا مسودہ تیارکرلیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی غیرقانونی اورغیرآئینی قدم نہیں اٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے سینیئر ارکان، قانونی ٹیم، وزارت قانون کے نمائندے اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما بابراعوان، فروغ نسیم اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کی آج کی سماعت پر مشاورت کی گئی اور قانونی ٹیم وزیراعظم اور کابینہ کو سماعت سے متعلق بریفنگ دی جب کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی اعتراضات دور کرنے سے متعلق ڈرافٹ تیارکرلیا گیا ہے اور وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سینئیر وزراء نے ملاقات کی جس میں موجود صورتحال پرمشاورت کی گئی، اس موقع پروزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی غیرقانونی اورغیرآئینی قدم نہیں اٹھائیں گے۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق فیصلہ کل ہوجانا چاہیے، جہاں ضرورت پڑے قانونی رہنمائی ضرورلی جائے۔ وزیراعظم نے لیگل ٹیم کو ہدایت جاری کردیں۔

وزیراعظم نے حکومتی لیگل ٹیم کوکل مکمل تیاری کے ساتھ سپریم کورٹ جانے کے ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔