Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

سنگین غداری کیس: خصوصی عدالت کو فیصلہ سنانے سے روک دیا گیا

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2019 10:57am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنگین غداری کیس کا فیصلہ روک دیا۔عدالت نے نے وفاقی حکومت کو5 دسمبر تک غداری کیس کا نیا پراسیکیوٹر تعینات کرنے کا حکم دیا۔خصوصی عدالت وکیل پرویزمشرف اور فریقین کو سنے اور  فیئرٹرائل کو یقینی  بنائے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے خصوصی عدالت کی تشکیل کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ اکتوبر1999 کے اقدامات کو بھی غیر آئینی قرار دے دیا گیا۔تین نومبرکی ایمرجنسی کا ٹارگٹ عدلیہ تھی۔اس حوالے سے الگ شکایت داخل کیوں نہیں کرتے ؟

 سجاد الیاس نے بولے کہ ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ مطلب ٹرائل کےلئے خصوصی عدالت کی تشکیل درست نہیں تھی ؟ دلائل سے ایسا لگ رہا پھر تو درخواست بھی درست نہیں ۔ اگرایسا ہے تو آپ شکایت ہی واپس لے لیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ اگرغلطی تسلیم کررہے ہیں تو ٹریبونل کو جا کر بتائیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ غداری کیس چلانے کی درخواست اور ٹرائل کا فورم غلط تھا تو کیا آپ کی غلطیاں عدالت ٹھیک کریں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ یوں کہیں پرویزمشرف کے خلاف کیس نہیں چلانا چاہتے، کیا ٹرائل نہیں چاہتے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ ہمارے سامنے عدلیہ پر وارکرنے والے شخص کا کیس ہے۔ جو اشتہاری بھی ہے۔ عدالت نے فیئر ٹرائل کے تقاضے بھی پورے کرنے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ اس وزارت قانون کی کوئی ضرورت ہے جو ایک نوٹیفکیشن بھی درست نہیں کرسکتا اور پھر سزا ساری قوم کو بھگتنا پڑتی ہے۔

سیکریٹری قانون نے خصوصی عدالت کی تشکیل کابینہ کی منظوری سے ہونے کا بتایا۔

جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ مطلب خصوصی عدالت کی تشکیل درست ہے خصوصی عدالت کو یہ ساری باتیں نہیں بتائیں اور فیصلہ رکوانے یہاں آگئے ۔

جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ کیا خصوصی عدالت نے وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی آپشن دی؟  وکیل نے بتایاکہ آپشن دی مگر پرویز مشرف بیماری کے باعث قبول نہیں کرسکتے ، میرا کیس ہے کہ مجھے کیوں نکالا ہے؟

دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے وزارت داخلہ اور وکیل پرویز مشرف کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت کو سنگین غداری کیس کا فیصلہ سننے سے روک دیا۔

عدالت نے وفاقی حکومت کو5 دسمبر تک غداری کیس کا نیا پراسیکیوٹر تعینات کرنے کا حکم بھی دیا ۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  پرویزمشرف کے وکیل سمیت تمام فریقین کو سن کر فیصلہ کیا جائے۔