Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈی جی آئی ایس پی آر اور ہمایوں سعید کا ٹوئٹر پر دلچسپ مکالمہ

شائع 26 نومبر 2019 04:27pm

پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے درمیان ٹوئٹر پر دلچسپ مکالمہ ہوا ہے۔

ہمایوں سعید نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ تصویر شیئر کی جس میں دونوں کو گرمجوشی سے گلے لگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے کیپشن درج کی کہ 'میجر جنرل آصف غفور سے مل کر ہمیشہ اچھا محسوس ہوتا ہے۔ وہ نرم مزاج، بے حد عاجز اور پُرجوش شخصیت ہیں اور میڈیا ممبران کی عزت و احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں پاک فوج کے ترجمان کے لئے صحت اور خوشیوں کی دعا کی، ساتھ ہی 'ہمارے پاس تم ہو' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

ہمایوں سعید کے اس ٹویٹ پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جواب دیتے ہوئے ہمایوں سعید کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے حالیہ دنوں مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑنے والے ہمایوں کے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کا حوالہ دیا اور لکھا کہ 'میرے پاس تم ہو' سے 'ہمارے پاس (پاک فوج) تم ہو'۔ قوم کی حمایت اور پاک فوج پر اس کا اعتماد ہمارا فخر ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ جملہ 'آرام سے سوجاؤ ہم ہیں ناں' آپ کے دل کے قریب ہے جو آپ نے میرے ساتھ دیکھا تھا۔