Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

پراپرٹی فراڈ سے بچنے کے آسان طریقے

شائع 26 نومبر 2019 05:01am

پاکستان کے کئی شہروں میں لینڈ مافیا کا راج ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت دونوں ہی ان کے آگے بے بس نظر آتے ہیں۔ ایسے میں ہمیں خود اپنے طور پر احتیاط برتنی چاہئیے۔

کراچی میں چائنہ کٹنگ پر خریدی گئی غیر قانونی زمین  نے ہزاروں معصوم لوگوں کی ذندگی بھر کی جمع پونجی کو ڈبویا ہے۔

عوام جانچ پڑتال کے سرکاری عمل کو مشکل سمجھتے ہیں اس لیے زمین یا جائیداد خریدنے سے پہلے متعلقہ سرکاری ادارے سے اس کی ویریفیکیشن نہیں کرواتے۔ لیکن جان لیں کہ یہ ویریفیکیشن بہت ضروری ہے اور حقیقتاً قیمت ادا کرنے سے پہلے زمین کی تصدیق کا عمل انتہائی آسان  ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق زمین یا جائیداد خریدنے سے متعلق معاملات جاننے کے 3 انتہائی آسان اقدامات یہ ہیں۔

سب سے پہلے تو زمین کا ریکارڈ رکھنے والے متعلقہ ادارے جیسے کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، کراچی میٹرپولیٹن کارپوریشن، ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی یا کنٹونمنٹ بورڈ کے ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کریں اور وہاں جا کر زمین کی فائل اور الاٹمنٹ کے کاغذات خود دیکھیں۔

دوسرایہ کہ  ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ سے سائٹ پلان کی تصدیق کروائیں، اور تیسرا یہ کہ حتمی ادائیگی سے قبل پلاٹ کی فزیکل پوزیشن سے متعلق معلومات حاصل کریں۔

اگر آپ ان تین اقدامات پر عمل کرتے ہیں تو یقیناً آپ خود کو مالیاتی دھوکہ دہی سے بچا سکیں گے۔

ایک اور بات یاد رکھیں کہ پلاٹ کی اصل فائل میں سائٹ پلان، الاٹمنٹ آرڈر، ٹرانسفر آرڈر اور پوزیشن آرڈر کے کاغذات لازمی موجود ہوں۔