Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرایہ لینے سے انکار پر پاکستانی کرکٹرز نے بھارتی ڈرائیور کیساتھ کیا کِیا؟

شائع 25 نومبر 2019 06:25pm

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ آسٹریلیا پر موجود ہے، اس دورے پر اب تک قومی ٹیم فتح کا نوالہ تو نہیں چکھ سکی ہے مگر قومی کھلاڑیوں کے ایک عمل نے تمام پاکستانی، بھارتی اور آسٹریلین کرکٹ شائقین کے دل جیت لئے۔

برسبین ٹیسٹ میں کمنٹری کے دوران خاتون کمنٹیٹر ایلیسن مشیل نے کینگروز کے سابق فاسٹ بولر مچل جانسن کو ایک ایسا واقعہ سنایا جس کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑی کی واہ واہ ہوگئی۔

خاتون کمنٹیٹر نے مچل جانسن کو کمنٹری کے دوران برسبین میں پیش آنے والا واقعہ سنایا۔ یہ واقعہ اُس ٹیکسی ڈرائیور سے متعلق تھا جس کے ساتھ وہ اسٹیڈیم پہنچی تھیں۔

واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جس ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ آئی ہوں اُس نے مجھے بتایا کہ کچھ روز قبل مجھے پاکستانی ٹیم کے ہوٹل بلایا گیا، وہاں سے لیگ اسپنر یاسر شاہ، نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، فاسٹ بولر عمران خان سینئر، فاسٹ بولر محمد موسیٰ اور ینگ پیس سینسیشن نسیم شاہ میری ٹیکسی میں بیٹھے۔

ایلیسن مشیل کے مطابق ڈرائیور نے بتایا کہ وہ سب کھانا کھانے کیلئے کسی بھارتی ریسٹورنٹ میں جانا چاہتے تھے اور میں انہیں وہاں لے گیا۔

خاتون کمنٹیٹر نے جانسن کو مزید بتایا کہ وہ ٹیکسی ڈرائیور جب کھلاڑیوں کو لے کر ریسٹورنٹ پہنچا تو اُس نے کرایہ لینے سے انکار کردیا جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے اُس ڈرائیور کو اپنے ساتھ کھانے کی پیشکش کی۔

ایلیسن نے بتایا کہ ڈرائیور نے کھلاڑیوں کی جانب سے کھانے کی پیشکش کو قبول کرلیا۔ اس ڈرائیور نے اُن کھلاڑیوں کے ساتھ فون پر اپنی تصویر بھی دکھائی جس میں وہ واقعی ایک ریسٹورنٹ میں 5 پاکستانی کرکٹرز کیساتھ بیٹھے مسکرا رہے ہیں۔

ایلیسن کی جانب سے سنائے گئے اس واقعے کی ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا کی زینت بنی تو دیکھتے ہی دیکھتے خوب وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے اس احسن اقدام پر خوب سراہا جارہا ہے۔