Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

فارن فنڈنگ کیس پر حقائق سامنے لانے کی ہدایت

شائع 25 نومبر 2019 02:06pm

وزیراعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کردی دی۔ پی ٹی آئی رہنما کل ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پریس کانفرنس کریں گے ، اپوزیشن اپنی خفگی مٹانے کے لیے اے پی سی اور احتجاج کررہی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق  معاشی ٹیم کیجانب سے معیشت میں حاصل کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کردی، پی ٹی آئی رہنما کل ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پریس کانفرنس کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، ہم نے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کروائی ہیں، دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ قوم کو کیس کے قانونی پہلوؤں کی تفصیل سے آگاہ کیا جائے۔ اسد عمر اور فرخ حبیب کی جانب سے کل پریس کانفرنس بھی متوقع ہے جس میں فارن فنڈنگ کیس کے قانونی پہلوؤں سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع  کے مطابق وزیراعظم نے اپوزیشن کی اے پی سی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا اپوزیشن اپنی خفگی مٹانے کے لیے اے پی سی اور احتجاج کررہی ہے، عوام نے اپوزیشن کے احتجاج کو مسترد کردیا، اپوزیشن عوامی حمایت کھو چکی اب چار سال انتظار کرے۔