Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

'نواز شریف ایٹمی دھماکہ نہیں کرنا چاہتے تھے، میں نے دھمکی دی کہ اگر۔۔۔'

شائع 25 نومبر 2019 05:15am

پاکستان کے معروف ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایک مقامی یونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو معنی خیز تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری جیسے وزیر سائنس کوکا کولا میں چینی ڈال کر بلبلے بناتے ہیں، ان کی اس تنقید پر قہقہے لگ گئے۔

ڈاکٹر قدیر خان نے اس موقع پر نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مذہب سے لگاؤ کو ترک نہ کریں اور قرآن پاک کی تلاوت کیا کریں، طلباء کو محنت سے تعلیم حاصل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف ایٹمی دھماکے نہیں کرنا چاہتے تھے، جب میں مایوس ہو گیا تو انہیں دھمکی دی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا، جب میں ان سے مایوس ہوگیا تو میں نے اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہونے اور ملک سے باہر جانے کی دھمکی دے دی، اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ امریکا سے امداد ملنے والی ہے ابھی رہنے دو، جس پر میں نے ان سے کہا کہ اگر اب دھماکہ نہ ہوا تو پھر کبھی بھی نہیں ہو سکے گا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو جوہری طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسی بنیاد پر انہیں پاکستان میں قومی ہیرو کا درجہ حاصل ہے، تاہم مغرب انہیں ایٹمی راز اسمگل کرنے والا خطرناک شخص سمجھتا ہے۔

پاکستانی ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان میں جوہری ہتھیاروں کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستانی عوام کے نزدیک وہ سن 1998 میں پاکستان کے کامیاب ایٹمی تجربے کے بعد اس حوالے سے بھارت کے ہم پلہ ہو جانے اور ملکی دفاع کو "ناقابل تسخیر" بنانے کی وجہ سے قومی ہیرو ہیں۔