Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ناروے کی کمپنی ٹیلی نار 11 دسمبر سے بند؟ پی ٹی اے کا بیان جاری

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2019 05:43am

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک موبائل کمپنی کے حوالے سے وضاحت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ناروے سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی ایک معروف ٹیلی کام کمپنی کے خلاف واٹس ایپ گروپوں میں ایک اشتہار گردش کررہا ہے، جس کے مطابق 11 دسمبر سے کمپنی کو پاکستان میں بند کردیا جائے گا۔

تاہم ایک بیان میں ترجمان پی ٹی اے خرم مہران نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں اور جعلی پیغامات مزید پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے متعلقہ کمپنی کے صارفین میں تشویش پھیل سکتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پی ٹی اے کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ خبروں اور اطلاعات کے لیےwww.pta.gov.pk یا پی ٹی اے کے ٹویٹر اور فیس بک پیج ملاحظہ کریں۔

واضح رہے کہ ناروے میں قرآن پاک نذر آتش کرنے کے مذموم واقعے کے خلاف دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیںم، جبکہ دوسری طرف مختلف واٹس ایپ گروپوں میں غیرملکی موبائل کمپنی "ٹیلی نار" کےحوالے سے پی ٹی اے کے لوگو کے ساتھ بنایا گیا ایک  جعلی اشتہار گردش کر رہا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تمام "ٹیلی نار" صارفین اپنا نیٹ ورک تبدیل کر لیں کیونکہ 11 دسمبر کے بعد ٹیلی نار کی کوئی بھی سروس کام نہیں کرے گی۔

تاہم اب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس جعلی اور بوگس اشتہار کی اصل حقیقت کھول دی ہے۔